اسلام آباد (نیو زڈیسک) وفاقی کابینہ نے پاناما لیکس کی تحقیقات سے متعلق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو بھیجے گئے ضابطہ کار کی منظوری دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ ضابطہ کار حتمی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائیگی۔ بی بی سی کے مطابق بدھ کو اسلام آباد میں وزیر اعظم میاں نواز شریف کی سربراہی میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاناما لیکس کیلئے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا اور کہاگیا کہ اس ضابطہ کار میں تبدیلی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے وفاقی وزرا سے کہا کہ وہ اپنی وزارتوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عوامی خدمت کے لیے اپنی توانائیاں صرف کریں۔آئی سی آئی جے کی غلط بیانی کے اعتراف پر وفاقی کابینہ نے اپنے اجلاس میں شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کنسورشیم اس غلطی کے ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف فوری کارروائی کرے۔ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم پاکستان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اس اقدام کو سراہا کہ انہوں نے خود اپنے آپ کو اور اپنے پورے خاندان کو کھلے احتساب کے لئے سپریم کورٹ آف پاکستان کے سامنے پیش کر دیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان کے عوام، چند مفاد پرست اور ترقی دشمن افراد کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پاکستان کی خوشحالی اور عوامی ترقی کے اس سفر کو سبوتاژ کریں۔