لاہور ( نیوز ڈیسک) صوبائی دارلحکومت میں واقع شوکت خانم ہسپتال کے ائیر کنڈیشنڈ میں دھماکے سے2ٹیکنیشنز زخمی ہو گئے ، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے وہاں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں معمول کے مطابق کام جاری ہے ۔ عینی شاہدین کے مطابق جوہر ٹاﺅن میں واقع شوکت خانم ہسپتال کے احاطے میں نصب اے سی پلانٹ کی پائپ لائن اس وقت دھماکے سے پھٹ گئی جب 2ٹیکنیشنز وہاں کام کر رہے تھے ۔ دھماکے سے دونوں ملازم معمولی زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ پائپ لائن پھٹنے سے دھماکے کی آواز ہسپتال سے باہر بھی دور دور تک سنی گئی جس سے وہاں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ جبکہ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں معمول کے مطابق کام جاری ہے اور زخمی ٹیکنیشنز کی حالت بھی خطرے سے باہر ہے ۔