لاہور(نیوزڈیسک) وزارت داخلہ کی طرف سے ملک کی تین بڑے شہروں میں تحریب کاری کیلئے 8 سے 12 خودکش حملہ آوروں کے پاکستان میں داخل ہونے کی اطلاعات کے بعد صوبائی دارالحکومت لاہور میں سکیورٹی کو الرٹ کر دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی طرف سے صوبائی حکومت او ر متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مراسلہ ملنے کے بعد شہر میں سکیورٹی کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں اہم سرکاری و نجی عمارتوں خصوصاً قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد بڑھا کر انہیں چوکس رہنے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔پبلک مقامات اور حساس عبادتگاہوں کی سکیورٹی کو بھی سخت کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر کے داخلی راستوں کی سکیورٹی بڑھانے کے ساتھ سرچ آپریشن بھی شروع کر دئیے گئے ہیں ۔