اسلام آباد (نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے 20 ویں یوم تاسیس کے موقع پر چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں جلسے کی کال دی تو پارٹی کے اندررونی اختلافات بھی کھل کر سامنے آ گئے۔ذرائع کے مطابق عمران خان کے منع کرنے کے باوجود لاہور سے کارکن دوقافلوں کی صورت میں اسلام آباد پہنچے ۔ جہانگیر ترین اور چوہدری سرور کی ریلی قذافی اسٹیڈیم لاہور سے روانہ ہوئی ٗاس موقع پر جہانگیر ترین نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پارٹی قیادت متحد ہے اور کرپشن کے خاتمے تک کرپٹ حکمرانوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔تحریک انصاف کے دوسرا قافلہ ناصر باغ سے روانہ ہوا جس کی قیادت شفقت محمود نے کی۔انہوں نے کہاکہ کارکن ان کے ساتھ ہیں اسی لیے وہ ان کے ساتھ روانہ ہوئے۔مرکزی قیادت میں اختلافات پر کارکنوں نے کہاکہ اس سے حکومت کے خلاف چلنے والی تحریک متاثر ہو سکتی ہے لہذا تمام رہنماؤں کو ایک پیج پر اکٹھے ہو کر عمران خان کا ساتھ دینا چاہیے۔