راجن پور (نیوز ڈیسک)کچے کے علاقے میں پاک فوج اور رینجرز کے جوانوں کا ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوگیا ٗپاک فوج کے جوانوں نے کچا جمال جزیرے کا مکمل کنٹرول سنبھال کر ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو تباہ کر دیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق چھوٹو گینگ کے سرغنہ غلام رسول چھوٹو کے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ہتھیار ڈالنے کے بعد کچا جمال میں ڈاکووں کیخلاف آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوگیا ٗ آپریشن کے 26 ویں روز پاک آرمی اور رینجرز کے جوانوں نے جزیرے کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ٗ چھپے ہوئے ڈاکووں اور ان کی کمین گاہوں کو ختم کرنے کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے جس میں 3 ہیلی کاپٹر بھی حصہ لے رہے ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران کچے کے علاقے میں ڈاکووں کی کمین گاہوں کو آگ لگادی ۔