واشنگٹن(نیوزڈیسک) امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں کئی پاکستانی نژاد امریکیوں نے، بھارت کے سفارتخانے کے باہر احتجاج کرتے ہوئے بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ بھارتی سفارتخانے کے باہر کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے احتجاج میں امریکی ریاستوں کولمبیا، ورجینیا اور میری لینڈ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد امریکیوں نے حصہ لیا۔احتجاج میں شامل چند افراد نے، بلوچستان سے چند ہفتے قبل گرفتار ہونے والے بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔مظاہرین نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں علیحدگی پسندوں کی مدد پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امریکی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنا اثرو رسوخ استعمال کرتے ہوئے ہندوستان کو مداخلت سے روکے۔واشنگٹن کے مصروف ترین علاقے میں ہونے والے اس پ±رامن مظاہرے نے سیکڑوں افراد کو اپنی جانب متوجہ کیے رکھا۔