لاہور(نیوزڈیسک)حقوق اہلسنت محاذ کے زیر اہتمام کرپشن کے خلاف ملک بھر میں یوم ضرب احتساب منایا گیا۔ ملک بھر کی اڑھائی لاکھ سے زائد مساجد میںجمعہ کے اجتماعات میں علماءنے کرپشن کے موضوع پر خطابات کئے اور مذمتی قرارداتیں منظور کیں۔ حقوق اہلسنت محاذ کے مرکزی امیر علامہ پیر سید شاہد حسین گردیزی ، علامہ پیر محمد عامر چشتی، مولانا سید اقبال حسین، پروفیسر احمد حسین نقشبندی، علامہ دل محمد، مولانا محمد رب نواز، علامہ محمد ندیم نورانی، مولانا محمد اویس نوری اور دیگر نے مختلف مقامات پر جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضرب عضب کے ساتھ ساتھ ضرب احتساب شروع کرکے کرپشن کے سوداگر، چور، لٹیروں کو نشانِ عبرت بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز طریقے سے پیسے اکٹھے کرنے والے سخت گنہگار ہیں جنہوں نے کرپشن کرکے ناجائز طریقے سے جو پیسہ جمع کیاہے وہ پیسہ حلال کا نہیں حرام کا ہے۔ کرپشن کے خلاف پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف نے اپنے گھر سے احتساب کا عمل جو شروع کیا ہم اس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور کرپشن مافیا کے خاتمے کےلئے پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے بغیر ملک میں امن واستحکام نہیں آسکتا۔ دہشت گردی اور انتہاءپسندی کے خلاف پوری قوم کی حمایت سے لڑی جانے والی جنگ اس وقت تک پائیدار امن اور استحکام نہیں لاسکتی جب تک کرپشن کی لعنت کا خاتمہ نہ کیا جائے۔ اس لئے پاکستان کی سا لمیت اور خوشحالی کےلئے سب کا احتساب ضروری ہے۔