ساہیوال(نیوزڈیسک) تھانہ نور شاہ کے علاقہ 73/4آر کے قریب راجباہ 4/آر سے تین ہفتے قبل ملنے والی خاتون کی لاش کے قتل کا معمہ حل کر لیا گیا،مقتولہ کا خاوند اور اسکی مبینہ محبوبہ قاتل نکلے پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا،تفصیلات کے مطابق 27مارچ کو موضع کرم آباد صدر پتوکی کے علاقے سے چار بچوں کی ماں رضیہ بی بی کو اسکے خاوند محمد بوٹا اور محبوبہ کوثر نے اسے رشتہ داروں سے ملانے کے بہانے ساہیوال نو رشاہ کے علاقے میں لیجا کر پھانسی دیکر ہلاک کر دیا اور لاش کو نہر برد کر دیا تھا اور رضیہ بی بی کو ٹھکانے لگانے کے بعدیہ بات عام کر دی کہ وہ بچوں اور خاوند کو چھوڑ کر اپنے رشتہ داروں کے پاس چلی گئی ہے،جس کے بعد رضیہ کے والد محمد دین نے تھانہ صدر پتوکی میں قتل کی نیت سے غائب کرنے کا مقدمہ رضیہ کے خاوند کیخلاف درج کروادیا تھا ،جبکہ تیس مارچ 2016کو پولیس تھانہ نور شاہ کو نہر سے نامعلوم عورت کی لاش ملی جسے لاوارث قرار دے کر امانتا دفنا دیا گیا اور تھانہ نور شاہ میں ملنے والی لاش کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزم کیخلاف درج بھی کر لیا گیا تھا ،مقتولہ کی تصویر سامنے آنے کے بعد ورثا نے لاش کو پہچان لیا اور آج جوڈیشل مجسٹریٹ ناصر محمود کی قیادت میں پولیس نے قبر کشائی کے بعد مقتولہ کی لاش اسکے ورثا کے سپرد کر دی اور ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔