اسلام آباد (نیوزڈیسک) تحریک انصاف نے وزیراعظم کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعظم کا خطاب انتہائی مایوس کن تھا،وزیر اعظم نے پہلے کی طرح تیسری مرتبہ بھی سیاسی مرثیہ گوئی سے عوام کو بہلانے کی کوشش کی،الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پر موجود گوشوارے میں وزیر اعظم کے ان اثاثوں کا ذکر بھی نہیں ملتا جو پانامہ لیکس سے سامنے آئے۔تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کا خطاب مایوس کن تھا، تیسری بار بھی سیاسی مرثیہ گوئی سے عوام کو بہلانے کی کوشش کی گئی، انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے بدعنوانی کیخلاف اقدام نے وزیر اعظم کے اعصاب کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان فوبیا کا بری طرح شکار نظر آئے ہیں،وزیر اعظم نے کمیشن کے اختیارات پر کسی قسم کی کوئی بات نہیں کی،نعیم الحق نے کہا کہ وزیر اعظم نے قوم کو نہیں بتایا کہ چیف جسٹس کیسے اور کتنے عرصے میں شریف خاندان کے اثاثوں کی تحقیقات کر پائیں گے۔