لاہور(نیو زڈیسک) تحریک انصاف کے انٹر اپارٹی انتخابات موخر ہونے کے باوجود رہنماؤں میں مقابلے بازی کا رجحان بر قرار ہے ،پنجاب کی صدارت کیلئے امیدواروں چوہدری محمد سرور اور شفقت محمود کی طرف سے یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کیلئے لاہور سے اکٹھے روانگی کی بجائے الگ الگ روانہ ہونے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ، پارٹی سربراہ عمران خان نے خبروں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب کی صدارت کے امیدوار وں چوہدری محمد سرور اور شفقت محمود نے اسلام آباد میں منعقدہ پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کیلئے لاہور سے اکٹھے روانہ ہونے کی بجائے الگ الگ قافلوں کی قیادت کرتے ہوئے روانگی کی منصوبہ بندی کی ہے جسکے لئے کارکنوں کو ناصر باغ اور قذافی اسٹیڈیم پہنچنے کی ہدایات دی جارہی ہیں ۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ پارٹی کے چیئرمین عمران خان نے ان خبروں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔