اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آزاد کشمیر کے بیٹے راجہ بابر ذوالقرنین کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کار رینٹل کیس کی سماعت کی تو اس موقع پر نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر مظفر عباسی عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ملزم نے تفتیش کے دوران نیب سے تعاون نہیں کیا۔ تفتیش کے دوران ملزم کے گھر سے آف شور کمپنی کے مالک ہونے کا ثبوت ملا ہے۔ ملزم کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت نے پراسیکیوٹر نیب کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ملز م کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری خارج کر دی۔