اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان اور چین کے درمیان خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون کیلئے ریموٹ سینسنگ معاہدے پر دستخط کردیئے گئے۔ معاہدے کے تحت پاکستان چین کے تعاون سے جون 2018 میں اپنا سیٹیلائٹ سسٹم خلا میں بھیجے گا۔پاکستان اورچین کیدرمیان خلائی ٹیکنالوجی میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور سی جی ڈبلیوآئی سی کے نائب صدر ین لیمنگ نے سپارکو اور سی جی ڈبیلو آئی سی کے مابین ریموٹ سینسنگ معاہدے پر دستخط کئے ٗ معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے مابین خلائی ٹیکنالوجی میں تعاون کیا جائیگا۔اپنے خطاب میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاکہ سیٹیلائٹ سسٹم چین سے در آمد کیا جائیگا اور ڈیٹا کیلئے پاکستان میں دو کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے۔ ایک کنٹرول روم مستقل ٗ دوسرا موبائل ہوگا۔انہوں نے کہاکہ معاہدے سے پاکستان کے سائنسدانوں اور انجینئرز کو خلائی ٹیکنالوجی کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ ین لیمنگ نے کہاکہ معاہدے سے دوہزار آٹھ میں ہونے والے خلائی شعبے میں دو طرفہ تعاون کے مزید فروغ سمیت پاکستانی عوام کو خلائی ٹیکنالوجی تک رسائی میں مددملے گی۔