لاہور (نیوزڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں طارق کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ۔گزشتہ روز ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے کیس کی سماعت کی ۔ مسلم لیگ (ق) کے اعجاز چودھری کی طرف سے دائر درخواست میں مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی میاں طارق کی رکنیت کو چیلنج کیا گیا ہے ۔ درخواست گزار کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ میاں طارق نے کاغذات نامزدگی میں اثاثہ جات چھپائے اور جھوٹ بولا۔میاں طارق سپین میں ملازمت کرتے ہیں اور تنخواہ لیتے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے قانونی نکتہ اٹھایا کہ رکن اسمبلی حلف لینے کے بعد کسی دوسرے ملک میں ملازمت نہیں کرسکتے اس لیے الیکشن کمیشن کو رکن پنجاب اسمبلی میاں طارق کو نااہل قرار دینے کا حکم دیا جائے۔ میاں طارق کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا کی ۔عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔