لاہور (نیوزڈیسک) سیشن عدالت نے بیوی پر تیل چھڑک کرآگ لگانے کے الزام میں شوہر کومجموعی طور پر 48سال قید کی سزا سنادی۔گزشتہ روز لاہور میں ایڈیشنل سیشن جج شاذب سعید نے کیس کی سماعت کی ۔ تھانہ جنوبی چھاؤنی پولیس نے مقدمہ چالان پیش کیاجس میں کہاگیا کہ ملزم شرافت نے اپنی بیوی نسرین پر تیل چھڑک کرآگ لگادی جس کے بعد نسرین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی تھی ۔مقدمہ میں ملزم شرافت ،اس کی والدہ اور دیور اکرم کو قصور وار ٹھہرایاگیا ۔عدالت نے ملزم شرافت کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 48سال قید کی سزا سنادی جبکہ ملزم کی والدہ اور بھائی کو شک کا فائدہ دیکر بری کردیا ۔