کراچی (نیوزڈیسک) اورنگی ٹاؤن کراچی میں سفاک قاتل کے ہاتھوں قتل ہونے والے3 معصوم بچوں کو آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک کردیاگیا۔ گھر سے تین میتیں اٹھنے پر کہرام مچ گیا۔ نماز جنازہ میں عزیز واقارب اور اہل محلہ کی بڑی تعداد میں شرکت۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں قتل ہونے والے تینوں بچوں کو آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں عزیز واقارب اور اہل محلہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تینوں بچوں کو پکوان سینٹر کی بالائی منزل پر سفاک ملزمان نے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا تھا، تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم حسنین کو گرفتار کرلیا۔حسنین نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ بڑی بیٹی اقصی کو قتل کرناچاہتاتھا، وہ مجھے غریبی کے طعنے دیتی تھی، تاہم تین بچوں کو مارتے وقت دکھ ہوا ہے۔ مگر افسوس ہے جس مقصد کیلئے گیا وہ پورا نہیں ہوسکا۔پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ مومن آباد تھانے میں درج کرلیاگیا ہے۔ جس میں قتل اور چوری کی دفعات شامل کی گئی ہیں، جبکہ مقدمے میں چار سو چوون، تین سو اسی، اور تین سو دو بھی شامل کی گئی ہیں۔ آئی جی سندھ نے مقدمہ کی فوری کاروائی پر ایس ایچ او مومن آباد کے لیے ایک لاکھ روپے نقد اور ستائشی سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا ہے۔