راجن پور(نیوزڈیسک)چھوٹو گینگ کے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بعد کچا جمال میں سرچ آپریشن جاری, چھوٹو گینگ نے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال کر مغوی پولیس اہلکاروں کو رہا کردیا ہے جس کے بعد کچا جمال کے جزیرے پر آرمی کا سرچ آپریشن جاری ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق بدھ کے روز چھوٹو گینگ کے 100 سے زائد کارندوں نے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال کر اپنے آپ کو آرمی کے حوالے کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈالنے والوں میں چھوٹو گینگ کا سرغنہ غلام رسول مزاری عرف چھوٹو بھی شامل ہے ۔ علاوہ ازیں چھوٹو گینگ نے یرغمال بنائے گئے 24 پولیس اہلکاروں کو بھی رہا کردیا ہے ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چھوٹو گینگ پر حملہ کرنے کے دوران کچھ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے جبکہ چھوٹو گینگ کے پاس رہنے کی وجہ سے کچھ اہلکار بیمار ہوگئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ چھوٹو گینگ نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب رات 1 بجے کے قریب پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈالے تھے جس کے بعد پاک فوج نے کچا جمال کے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جس میں 3 ہیلی کاپٹروں کے ذریعے علاقے کا فضائی جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ پاک فوج کے جوان چھوٹو گینگ کی طرف سے بنائے گئے مورچوں کی تلاشی لے رہے ہیں ۔