کراچی(نیوزڈیسک) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں واقع ایک گھر سے 2 بچیوں سمیت 3 بچوں کی لاشیں ملی ہیں جنہیں گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 10-A کے ایک گھر سے دو بچیوں سمیت 3 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ بچوں کی شناخت 12 سالہ نمرہ، 5 سالہ اقصیٰ اور 8 سال کے بچے کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جو آپس میں سگے بھائی بہن بتائے جاتے ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا ہے۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے مومن آباد اورنگی ٹاؤن میں ایک گھر میں تین بچوں کی لاشیں ملنے کے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس کو ہدایت کی کہ وہ اس واقعہ کی فور ی تحقیقات کرکے دو دن کے اندر انہیں رپورٹ پیش کریں اور بچوں کی ہلاکت میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں ۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے بھی بچوں کے لرزہ خیز قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ کو واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔