اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہاہے کہ وزیر اعظم نوازشریف کی صحت یابی خوش آئند ہے لیکن محض بلڈ ٹیسٹ اور بلڈ پریشر چیک کروانے پر قوم کے لاکھوں روپے جھونکنے کا کوئی جواز نہیں تھا ،وزیر اعظم چاہتے تو شوکت خانم میں انہیں بلڈ ٹیسٹ کرانے کی سہولت فراہم کرسکتے تھے ۔وزیر اعظم میاں نوازشریف کے میڈیا پر گفتگو کے ردعمل میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء نعیم الحق نے کہاکہ وزیر اعظم چاہتے تو شوکت خانم میں انہیں بلڈ ٹیسٹ کروانے کی سہولت فراہم کرسکتے تھے ،انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف تین بار وزیر اعظم بننے کے باوجود ایک بھی معیاری ہسپتال نہ بناسکے جو نوازشریف کی واضح ناکامی ہے ،انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی جانب سے اپنے درباری کے دفاع کی بلاجوا ز کوشش انتہائی شرمناک ہے ہم جانتے تھے شوکت خانم جیسے عظیم ادارے پر حملے کی سرپرستی وزیر اعظم کر رہے ہیں ۔نعیم الحق نے کہاکہ عمران خان نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تو وزیر اعظم نے درباریوں کو حملے کی ہدایت دی ،وزیر اعظم اور ان کے درباریوں میں اخلاقی رمق باقی ہے تو عمران خان کی تقلید کرتے ہوئے خود کو اختساب کے لئے پیش کریں ۔