لاہور (نیوز ڈیسک) صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پر ملک سے بھاگ جانے کا الزام لگانے والوں کو ان کی واپسی پر ڈوب مرنا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو شرم آنی چاہئے جنہوں نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی خراب صحت پر بھی سیاست چمکانے کی کوشش کی۔ رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے وزیر اعظم کو واپس آنے کی اجازت دیدی ہے اور وہ وطن واپس آرہے ہیں، ایسے میں پاناما لیکس کو بنیاد بنا کر باتیں بنانے والوں کو اپنے بارے میں سوچنا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی پارٹی کے بعض افراد کا پیسہ باہر ہے، پہلے وہ اپنے بارے میں سوچیں، وزیر اعظم محمد نواز شریف وطن واپس آ رہے ہیں، مخالفین کی سازشیں دم توڑ گئی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بچے ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں عمران خان بھی اپنے بچے پاکستان لائیں۔ عمران خان کے دائیں جانب کھڑے ہونے والے فرد کا نام بھی پاناما لیکس میں ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چھوٹو گینگ کا معاملہ اتنا سادہ نہیں۔