لاہور (نیوزڈیسک) وزارتِ مذہبی امور نے گورنمنٹ سکیم کے 100فی صد حاجیوں کو مدینہ منورہ میں قیام کے دوران مسجدِ نبوی کے قریب ترین علاقے ’مرکزیہ‘میں رہائش فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس مقصد کے لئے مدینہ منورہ کی رجسٹرڈ اکاموڈیشن کمپنیوں اور کثیر المنزلہ عمارتوں کے مالکان سے 15دن کے اندر اندر پیشکشیں طلب کر لی گئی ہیں ۔ گورنمنٹ سکیم کا ہر حاجی مدینہ منورہ میں آٹھ یا نوراتیں قیام کرے گا تاکہ مسجد نبوی میں چالیس نمازوں کی ادائیگی کا شرف حاصل کر سکے ۔ حاجیوں کی رہائش گاہیں یکم ذیقعدسے 15محرم تک کرایہ پر حاصل کی جائیں گی ۔ اس سے کم عرصے کے لئے عمارت کرائے پر دینے کی پیشکش قبول نہیں کی جائے گی ۔ عمارتیں کرایہ پر دینے کی خواہشمند کمپنیوں اور افراد کو وزارتِ مذہبی امور کی دیگر شرائط کی بھی پابندی کرنا ہوگی ۔