راجن پور(نیوزڈیسک) چھوٹوگینگ کیخلاف کارروائی،فوج نے تاحال زمینی آپریشن شروع نہیں کیا،آئی ایس پی آر کا حیرت انگیز انکشاف،غلام رسول عرف چھوٹو اور اس کے گینگ کے خلاف زمینی آپریشن کے لئے پاک فوج نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ”آئی ایس پی آر “ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کچے میں فوج نے تاحال زمینی آپریشن شروع نہیں کیا تاہم اس سلسلے میں تیاریاں مکمل ہیں، احکامات ملتے ہی زمینی آپریشن شروع کردیا جائے گا۔ چھوٹوگینگ نے مغوی اہلکاروں کو اپنے مورچوں میں کھڑا کررکھا ہے جس کی وجہ سے شناخت اورآپریشن میں مشکلات ہیں۔ پہلی ترجیح مغوی پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرانا ہے جس کے لیے پولیس اور مقامی انتظامیہ چھوٹو گینگ سے مزاکرات بھی کررہی ہے۔دوسری جانب پاک فوج نے کچہ جمال کی 10 بستیوں کو خالی کرالیا ہے، چھوٹو گینگ کے ٹھکانوں پر بھاری توپ خانے کی مدد سے وقفے وقفے سے بمباری کی جارہی ہے جس کی وجہ سے پورا علاقہ دھول اور مٹی سے اٹ گیا ہے تاہم اب تک کسی بھی قسم کے جانی قنصان کی اطلاعات نہیں ملیں۔کچہ جمال میں پاک فوج نے صبح 7 سے 9 بجے اور دوپہر ایک سے 2 بجے تک کرفیو میں نرمی کی تھی، چھوٹو گینگ کی کمیں گاہوں تک پہنچنے کے لئے دریائے سندھ کے پانی کو بھی بتدریج کم کیا جارہا ہے جب کہ وہاں تک پہنچنے کے لیے بم پروف ٹینک بھی منگوالیے گئے ہیں۔