اسلام آباد(نیوزڈیسک) نئے مالی سال میں بڑے گھروں کے بجٹ اور بھی بڑے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم آفس، ایوان صدر اور پارلیمنٹ کی تزئین و آرائش پر کروڑوں روپے اضافی خرچ ہوں گے۔ مالی سال دو ہزار سولہ سترہ کے بجٹ میں وزیراعظم آفس اور ایوان صدر سمیت بڑے بڑے سرکاری دفاتر کے فنڈز میں اضافے کی تجویزدے دی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آفس کا بجٹ چار کروڑروپے اضافے کے ساتھ 88 کروڑ کرنے کی تجویز ہے۔ایوان صدرکے بجٹ میں بھی لگ بھگ 5 کروڑ روپے اضافے کا امکان ہے۔ بجٹ کا بیشتراضافہ تزئین و آرائش کیلئے ہے۔قومی اسمبلی کا بجٹ 2 ارب 99 کروڑروپے سے بڑھا کر 3 ارب 46 کروڑ جبکہ سینیٹ کا بجٹ 8 کروڑ روپے کے اضافے کے ساتھ 1 ارب 73 کروڑ کرنے کی تجویزہے۔ آئندہ سال دونوں ایوانوں کی خوبصورتی پر ساڑھے چار کروڑروپے خرچ ہونگے۔