برمنگھم(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے یہ الیکشن آزاد کشمیر کی 68 سالہ تاریخ میں سب سے اہم انتخابات ہونگے اور اسکے لئے میں خود گھر گھر جاؤنگااور میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی خاطر اسے کامیاب بنانے میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں رکھوں گا۔برمنگھم کا آج کا جلسہ میری زندگی کا سب سے بڑا اجتماع ہے۔ میرپور کے لوگ بہت بڑا زر مبادلہ وطن بھیج کر پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ہم میرپورمیں انٹرنیشنل ائیرپورٹ بنائیں گے۔ آزاد کشمیر کی حالت زار بہتر بنائیں گے۔ میں نے پانامہ پیپرز کے بارے میں یہاں تین آڈٹ فرمز سے بات چیت کی ہے۔اس موقع پر آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج برطانیہ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں نے جلسہ عام میں اتنی بڑی تعداد میں شرکت کرکے نواز شریف سے استعفیٰ مانگ لیا ہے اور میرے اور آپکے قائد عمران کی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہا کردیا ہے۔ہم اوورسئیز پاکستانیوں اور کشمیریوں کے ووٹ کے لئے جدوجہد کریں گے تاکہ یہ لوگ زیادہ سے زیادہ انتخابی سیاست میں حصہ لے سکیں۔ہم اقتدار میں آکرآزاد کشمیر میں نوجوانوں کو زیادہ اختیارات دیں گے ۔ تعلیم گھر گھر پہنچائیں گے۔میرپور میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کے دیگر مسائل حل کرائیں گے۔آزاد کشمیر کو اقتصادی طور پر خود کفیل بنائیں گے۔ جس طرح ہمارے قومی تشخص کو بحال کرکے عمران خان نے مجھے پی ٹی آئی کشمیر کے پارلیمانی بورڈ کا چئیرمین بناکر مجھے نواز شریف اور بلاول کے سامنے کھڑا کر دیا ہے اور اب یہ کشمیریوں پر منحصر ہے کہ وہ اپنے نمائندے کو منتخب کرتے ہیں یا اسلام آباد میں بیٹھ کر اپنے خواب پورے کرانا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار دونوں رہنماؤں نے آج یہاں برمنگھم میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مبصرین کے مطابق یہ برطانیہ کی تاریخ کا کشمیریوں اور پاکستانیوں کا سب سے بڑا اجتماع تھا۔اس موقع پر جہانگیر ترین اور علیم خان اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔اس موقع پر عمران خان اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ آزادزاد کشمیر کے الیکشن میں انتخابی مہم کے دوران بھرپور مہم جوئی کریں گے۔یہ الیکشن کشمیر کی آزادی اور آزاد کشمیر کی ترقی کے لئے انتہائی مفید ثابت ہو گا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے جہاں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے جدوجہد کی وہاں میں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے لندن کے ٹرائفلگر اسکوائر ، نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے ملین مارچز کیے اور ابھی حال ہی میں لندن میں ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ میں مودی کی برطانوی وزیر اعظم سے ملاقات ، مودی کی ویمبلے اسٹیڈیم آمدپر اور بعد ازاں تین ہفتے قبل برسلز میں یورپی یونین کے سامنے مودی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے اور یورپی یونین کے اعلی عہدیداران سے ملاقات میں ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے کشمیری عوام کا موقف پیش کیا۔ اور آج پھر اتنے بڑے مجمع کے سامنے میں یہ عہد کرتا ہوں کہ مودی دنیا میں جہاں جہاں بھی جائے گا میں اس کا پیچھا کرونگا۔انھوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے آزاد کشمیر کے آئندہ الیکشن میں اہم کردار ادا کرنا ہے لہذا آج میں اور میرے قائد عمران خان برطانوی کشمیریوں سے آزاد کشمیر کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہیں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ نواز شریف پانامہ لیکس کے بعد یہاں برطانیہ میں چھپا ہو ا ہے جبکہ آزاد کشمیر کے غیور عوام نواز ،زرداری گٹھ جوڑ کو شکست دینے کیلئے انتخابات کے منتظر ہیں اور آزاد کشمیر سے انکی باقیات کو ختم کر دیں گے۔