اسلام آباد(نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ پر ایم کیو ایم کے خلاف تحقیقات ہو سکتی ہیں تو لاکھوں ڈالر غیرقانونی طریقے سے منگوانے کیوں نہیں کی جا رہیں پیر کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ تحریک انصاف کو باہر سے ملنے والے پارٹی فنڈز کے حوالے سے واضح ثبوت موجود ہیں ٗ تحریک انصاف کے ملازموں کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کیسے آئے اور اب بھی موجود ہیں۔ الیکشن کمیشن اس کی تحقیقات مکمل کرے۔ انہوں نے وزیراعظم اور وزیرداخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس پر خاموش نہ رہیں بلکہ ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں کو تحقیقات کا حکم دیں۔ وزیرداخلہ کے بارے میں عام تاثر یہ ہے کہ وہ میرٹ اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، اس معاملے کی ایف آئی اے سے تحقیقات کرائیں تا کہ چند ہفتوں میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ تین ہفتوں سے اس کیس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی، بیرون ملک سے ہونے والی فنڈنگ کے حوالے سے تمام ثبوت موجود ہیں۔ عمران خان بتائیں کہ وہ کس کیس میں بلیک میل ہو رہے ہیں کہ انہوں نے بلیک میل نہ ہونے کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فنڈز غیرقانونی طور پر ہنڈی کے ذریعے لائے گئے، اگر منی لانڈرنگ ایم کیو ایم کے حوالے سے قومی سلامتی کا معاملہ ہے تو تحریک انصاف کے پارٹی فنڈز میں منی لانڈرنگ بھی اہم قومی سلامتی کا معاملہ تصور کیا جائے