لاہور(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ق) نے پانامہ لیکس کے معاملے پر جاتی امراء رائے ونڈ کے باہر دھرنا دینے کی مخالفت کر دی ، شاہ محمود قریشی کے ذریعے عمران خان کو پیغام بھجوا دیا گیا ۔ تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے سربراہ شاہ محمود قریشی نے پانامہ لیکس کے معاملے پر مسلم لیگ (ق) کی قیادت سے ملاقات کر کے جاتی امراء رائے ونڈ کے باہر دھرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ق) کی قیادت نے مشاورت کے بعد جاتی امراء کے باہر دھرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی طرف سے مخالفین کی رہائشگاہوں کا گھیراؤ اچھی روایت نہیں ہو گی ۔ ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کے ذریعے عمران خان کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے تاہم یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ مسلم لیگ (ق) اس معاملے میں موثر احتجاج کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے تحریک انصاف کے ساتھ ہے اور مستقبل میں بھی رابطے جاری رکھے جائیں گے۔