لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے میں ابھی تو صرف ٹریلر چلا ہے فلم تو باقی ہے جلد ہی کرپشن کے ثبوتوں کے ڈھیر سامنے آنے والے ہیں لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ نواز لیگ وزیر اعظم اور اُن کے فیملی ممبران پر عائد ہونے والے الزامات سے زیادہ تحریک انصاف اور عمران خان کے بارے میں پریشان دکھائی دیتی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستانی قوم فیصلہ کُن موڑ سے گزر رہی ہے میں تمام سیاستدانوں اور بزنس مینوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے مکمل اثاثے ظاہر کریں عبدالعلیم خان نے کہا کہ بطور وزیر اعظم میاں نواز شریف کا فرض ہے کہ وہ اپنے اور اپنے بچوں کے تمام اثاثے ڈیکلئیر کریں اگر انہوں نے ملک سے باہر بھی بزنس کیا ہے تو اسے عوام کے سامنے پیش کریں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے احتساب کیلئے خود کو صاف اور شفاف کمیشن کے سامنے پیش کرنے کا اعلان کر دیا ہے اسی طرح تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی خودکو احتساب کیلئے پیش کرنے کیلئے تیار ہیں اب یہ تمام سیاستدانوں کا فرض ہے کہ وہ اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کریں اور عوام سے حقائق نہ چھپائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اُن کے اندرون اور بیرون ملک تمام اثاثے ڈیکلئیر ہیں اور اُن سے منسلک ہر کمپنی اُن کے نام پر اور ٹیکس ڈیپارٹمنٹ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے ظاہر کی ہوئی ہے ۔