کراچی (نیوز ڈیسک) خاتون سائنسدان اور ماریشس کی صدر ڈاکٹر بی بی امینہ فرودس اپنے نو رکنی وفد کے ہمراہ چارروزہ دورے پر اتوارکی شب کراچی پہنچیں تو ائیرپورٹ پرگورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان اوروزیراعلی سندھ کی مشیرشرمیلافاروقی اورصوبائی کا بینہ کے ارکان نے معززمہمان کا استقبال کیا،کراچی میں مختصرقیام کے بعد ماریشس کی صدراپنے وفد کے ہمراہ کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئیں ،اس سے قبل ماریشس کی صدر ڈاکٹر بی بی امینہ فردوس نے کراچی میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیاگیا۔سندھ کابینہ کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چار روزہ دورے کے دوران ماریشس کی صدر پاکستانی قیادت سے پاکستان اور ماریشس کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے امورپر بات چیت کریں گی۔ڈاکٹر بی بی امینہ فرودس صدر ممنون حسین سے بھی ملاقات کریں گی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔