کراچی (نیوزڈیسک) نائن زیرو سے گرفتاراورایم کیوایم الیکشن سیل کے رکن عمیر صدیقی کے حساس اداروں سے دوران تفتیش انکشافات میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں تعینات افسر علی رضا کی جانب سے عسکری ونگ اور تخریب کاروں کو حساس معلومات دینے کے الزامات میں ایس ایس پی علی رضا کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق عمیر صدیقی کے انکشافات کے بعد سی ٹی ڈی میں تعینات افسر علی رضا کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ علی رضا پر عسکری ونگز اور تخریب کاروں کو حساس معلومات دینے کا الزام ہے۔ عسکری ونگ کے سرغنہ عمیر صدیقی نے علی رضا سے معلومات لینے کا انکشاف کیاہے۔ عمیر صدیقی کے مطابق سی ٹی ڈی افسر علی رضا گرفتار ساتھیوں کی تفتیشی رپورٹس ہمیں دیتا تھا۔تفتیشی رپورٹیں دیکھ کر ہم اپنے دیگر ساتھیوں کو انڈر گراؤنڈ کرتے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق عمیر صدیقی کے انکشاف کے بعد ایس ایس پی علی رضا کو سی ٹی ڈی میں تعینات رکھنا مشکل ہے۔ الزامات ثابت ہونے کی صورت میں علی رضا کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے اس حوالے سے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کو انکوائری کر کے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایات جاری کردیں۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی نے کہا ہے کہ الزامات ثابت ہونے کی صورت میں علی رضا کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔