پاراچنار(نیوزڈیسک) پاراچنار میں فورسز اور انتظامیہ نے تین میزائل ناکارہ بنا کر دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی جبکہ ایک دہشت گرد سمیت 17 افراد گرفتار کرلئے، قبائلی عمائدین نے فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کیخلاف حکومت کا بھر پور ساتھ دینے کا اعلان کیاہے تفصیلات کے مطابق پاراچنار شہر کے کرمی بازار میں واقع عثمانیہ پلازہ میں دہشت گردوں نے تین بم اور تین میزائیل نصب کئے، علاقے سے فرار کی کوشش کے دوران کرم لیوی فورس اور فورسز کے جوانوں کی نظرایک دہشت گرد پر پڑی جسے گرفتار کرلیا گیا ابتدائی تحقیقات میں جب گرفتار شخص نے بموں اور میزائیل نصب کرنے کا انکشاف کیا اس دوران دو بم زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے بم ڈسپوزل سکواڈ اور لیوی فورس اور فورسز کے جوان موقع پر پہنچ گئے نصب کئے گئے اور میزائلوں اور ایک بم کو ناکارہ بنا کر دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی، سیکیورٹی فورسز نے ایک دہشت گرد سمیت 17 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیٹیکل ایجنٹ اور آئی جی ایف سی نے فورسز اور لیویز کے جوانوں کیلئے خصوصی انعامات کا اعلان کیا ہے طوری بنگش قبائل کے عمائدین حاجی فقیر حسین ، ابرار حسین جان اور دیگر رہنماؤں نے فورسز اور انتظامیہ کو دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف حکومت کا بھر پور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ دوسری جانب اہل سنت کمیٹی کے رہنما حاجی ہاشم خان اور عطاء اللہ اور دیگر رہنماوں نے بھی پاراچنار شہر میں دہشت گردی کی کوشش کی مذمت کی اور حکومت سے دہشت گردوں کیخلاف سخت اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔