لاہور/قصور/ملتان ( نیوزڈیسک)لاہور اور قصور پولیس نے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کرکے 41 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ، ملتان میں پولیس اور سکیورٹی اداروں کی کارروائی میں 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 32 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ علامہ اقبال ٹاﺅن کے مختلف علاقوں بھیکے وال ، نجف کالونی میں گیسٹ ہاﺅسز اور ہوٹلوں پرسرچ آپریشن کیا گیا ۔ شناختی کوائف مکمل نہ ہونے پر 28 افراد کو حراست میں لیا گیا ،4 افراد کو قربان لائن گرجا گھروں کے اطراف سے حراست میں لیا گیا ۔ دوسری جانب ملتان پولیس اور حساس اداروں نے جلیل آباد میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا جس کے دوران 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ۔ قصور میں بھی سرچ آپریشن کے دوران 9 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔