اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم نواز شریف علاج کے بعد لندن سے کب واپس آئیں گے؟ یہ وہ سوال ہے جو آج کل ہر پاکستانی سیاستدان کی زبان پر ہے تاہم حکومتی وزراء وزیراعظم کی واپسی کے حوالے سے کنفیوزن کا شکار ہیں اور ہر وزیر مختلف رائے کا اظہار کرتا نظر آ رہا ہے۔ وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی تکلیف میں کمی آرہی ہے۔ لندن میں ڈاکٹرز نے پرامید رپورٹ دی ہے۔ وزیراعظم چند روز میں وطن واپس آ جائیں گے۔ دوسری طرف وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے لمبی تاریخ دے دی ہے۔ کہتے ہیں وزیراعظم ایک سے ڈیڑھ ماہ میں واپس آئیں گے۔ وزیر مملکت عابد شیر علی بھی الگ سے کہانی سنا رہے ہیں اور وہ وزیراعظم نواز شریف کی آئندہ ہفتے واپسی کیلئے پر امید نظر آتے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے وزراء پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے حکومت کنفیوڑن میں مبتلا ہے۔