اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی طرف سے اسلام آباد انتظامیہ کو پی ٹی آئی کے 24تاریخ کے جلسے کے حوالے سے گرین سگنل مل گیا جبکہ وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے ساتھ بیٹھ کر تمام امور خوش اسلوبی سے طے کرے ۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ 24تاریخ کے جلسے میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے جن امور پر پی ٹی آئی قیادت سے گفت و شنید ہونی ہے ان میں سر فہرست اس بات کی گارنٹی ہو کہ مقررہ وقت کے بعد تمام شرکاء پر امن طور پر منتشر ہو جائیں گے انہوں نے کہاکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ جلسے سے اسلام آباد کے رہائشیوں کے روز مرہ کے معمولات پر کم سے کم اثر پڑے۔