لندن(نیوز ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ پنجاب حکومت نے پولیس کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کر کے اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو تباہ کردیا ہے۔سوشل میڈیا پر مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہاکہ پنجاب حکومت پولیس کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کرتی ہے جس کی وجہ سے پنجاب پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت تباہ ہو کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ راجن پور آپریشن میں پولیس اہلکاروں کی شہادت سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا ہی نتیجہ ہے۔عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے برعکس خیبر پختونخوا میں پولیس کو غیر سیاسی اور پروفیشنل کر دیا گیا ہے اور وہاں پر بھرتیاں این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ کی بنیاد پر ہوتی ہیں۔