اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے 24 اپریل کو اپنے یوم تاسیس کے موقع پر اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں جلسے کی اجازت سے متعلق درخواست دائر کر رکھی تھی جسے گذشتہ روز انتظامیہ نے مسترد کر دیا تھا تاہم اب پی ٹی آئی کو گرین سگنل دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ پی ٹی آئی قیادت سے مل کر امور طے کرے گی۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ پی ٹی آئی کے 24 اپریل کے جلسے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت سے جلسہ ختم ہونے پر شرکا کے منتشر ہونے کی گارنٹی لی جائے گی جبکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ اسلام آباد کے رہائشیوں کی زندگیاں جلسے کے باعث متاثر نہ ہوں۔