لندن(نیوزڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف علاج سے اکتاہٹ کا شکار ہوکر چہل قدمی کرنے لندن کے سپر سٹور پہنچ گئے جہاں کے سیلز مین نے ان کی تصویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف لندن میں دل کے علاج کے سلسلے میں قیام پذیر ہیں جہاں ڈاکٹرز ان کا باقاعدگی کے ساتھ چیک اپ کررہے ہیں۔ ڈاکٹروں میں گھر ے وزیر اعظم طبیعت کی بحالی کیلئے اسکیبل نامی سپر سٹور پر شاپنگ کرنے پہنچ گئے جہاں کے 20 سالہ سینڈر ہینزنامی سیلز مین نے ان کے ہمراہ اپنی تصویر انسٹا گرام پر شیئر کردی۔ سینڈر ہینز نے تصویر پر لکھا کہ آج میں پاکستان کے صدر سے ملا جس پر اس کے دوستوں نے کمنٹ کرکے اس کی اصلاح کی اور بتایا کہ یہ صدر نہیں بلکہ وزیر اعظم ہیں۔ کچھ دوستوں نے سینڈر ہینز کی تعریف کی اور انہیں خوش قسمت قرار دیا تاہم کچھ نے اسے تنقید کا بھی نشانہ بنایا.