لاہور(نیوز ڈیسک) یوم پاکستان پر بھی لوڈ شیڈنگ کا جن بوتل میں بند نہ ہو سکا ، شہری اور دیہی علاقوں میں بجلی کی گھنٹوں بندش سے عوام شدید مشکلات کا شکار رہے ،مختلف علاقوں میں پانی کا بحران شدید ہونے لگا جسکے خلاف مظاہرے کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق موسم کی شدت میںاضافہ ہوتے ہی پنکھے چلنے کے باعث بجلی کی طلب بھی بڑھ گئی ہے جسکے باعث لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مختلف شہری علاقوں میں 5سے 7جبکہ دیہی علاقوں میں9سے 11گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔ لوڈ شیڈنگ کےوجہ سے شہری مسلح افواج کی پریڈ بھی نہ دیکھ سکے ۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار میں طلب کے مقابلے میں اضافہ نہیں ہو سکا جسکی وجہ سے آنے والے دنوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ مزید بڑھنے کا اندیشہ ہے ۔ علاوہ ازیں بجلی کی بندش کے ساتھ پانی کا بحران بھی شدید ہونے لگا ہے ۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ لاہور کے علاقہ محمد نگر کے رہائشیوں نے کئی روز سے پانی کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق میٹرو ٹرین بس کے روٹ پر کھدائی کیوجہ سے بھی پانی کی مین لائنوں کی منتقلی کی وجہ سے پانی کا بحران شدید ہو گیا ہے جسکی وجہ سے عوام کو پینے کے لئے بھی پانی دستیاب نہیں۔