اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ا حمد نے کہا ہے کہ میرے پاس سارک ممالک کا ویزا موجود ہے ، اسی ویزے پر کولکتہ میں پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے جاؤں گا ، مودی سرکار کے پاس مجھے بھارت جانے سے روکنے کا کوئی قانونی جواز نہیں ،اگر بھارت نے نہ آنے دیا تو بین الاقوامی اور سارک قوانین کے تحت اپنے حقوق کے لیے آواز عالمی فورمز پر اٹھاؤں گا ۔ جمعرات کے روز ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں دونوں ملکوں کی عوام کے مابین پیار و محبت کے رشتے کو استوار کرنا چاہتا ہوں ۔ شیخ رشید نے کہا کہ میرے پاس سارک ممالک کا ویزا موجود ہے اس لیے نئے ویزے کے لیے بھارت سے اجازت لینا ضروری نہیں ۔لال حویلی راولپنڈی سے اپنی سیاسی اننگز کا آغاز کرنے والے شیخ رشید نے کہا کہ کولکتہ جا کر محبت اور بھائی چارے کی اننگز کھیلوں گا ،کوکلتہ میں ہونے والا پاک بھارت کرکٹ ٹیموں کا ٹاکرا محبت بھرے ماحول میں ہو گا ،بھارت میں انتہا پسند ہندو تنطیموں کی طرف سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو نہ کھیلنے کی دھمکیایوں سے بھارت سرکار کے سربھی شرم سے جھکا دیئے ہیں ۔