لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تنخواہیں دگنی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز اس وقت ساڑھے تین لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ وصول کررہے ہیں۔ حکومتی منظوری کے بعد ان وائس چانسلرز کی تنخواہیں 6لاکھ 80ہزار روپے ماہانہ فی کس ہوجائے گی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وائس چانسلرز کو ان کی تنخواؤں کے حوالے سے کچھ تحفظات تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مقامی آئی ٹی یونیورسٹی کے وائس چانسلرز پہلے ہی 6لاکھ روپے سے زائد ماہانہ تنخواہ وصول کررہے ہیں تمام وائس چانسلرز کی تنخواہیں ایک جیسی ہونی چاہیے جس پر صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے ایک سب کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو اس حوالے سے اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔