اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عمران خان نے الیکشن کمیشن پر ایک بار پھر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا، این اے 267 کے ضمنی انتخابات میں فوج تعینات کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔ کپتان نے دھاندلی پر بھرپور احتجاج کا اعلان بھی کر ڈالا ہے۔عمران خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران، خواجہ آصف کی وکٹ گرنے کی پیشین گوئی بھی کر ڈالی۔ مصطفیٰ کمال کے بارے میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ مصطفیٰ کمال اکیلے نہیں، انکے ساتھ اور بھی لوگ ہیں۔تحریک انصاف کے سربراہ نے وزیر اعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اب کی بار احتجاج ہوا تو انہیں موردِ الزام نہ ٹھہرایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری ایک دوسرے کو بچا رہے ہیں۔ عمران خان نے پاک بھارت میچ کلکتہ منتقل کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی میچ دیکھنے کے لئے بھارت جانے کی تیاری میں ہیں۔