کراچی(نیوز ڈیسک) سابق سٹی ناظم کراچی مصطفی کمال نے کراچی میں مزار قائد کے باغ جناح میں اپنے پہلے جلسے کا اعلان کردیا ہے جس کی تاریخ کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔مصطفی کمال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے صرف 3 مارچ کو پریس کانفرنس کرنے کا تہیہ کیا تھا لیکن عوام کا اتنا رد عمل سامنے آیا ہے کہ ہم آپس میں بات نہیں کرپارہے اور فون پر بات کرنے سے بھی گریزاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلا، طلبا، خواتین سمیت جوان اور بزرگ سب ملنے آرہے ہیں، اب ان کے الگ الگ فورمز بنانے کا عمل جاری ہے جب کہ گراس روٹ سطح پر بھی کام کررہے ہیں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ابھی اپنی تنظیم کو کوئی نام نہیں دیا لیکن پارٹی کا اسٹرکچر دیگر پارٹیوں کی طرح ہوگا اورپورے پاکستان میں دفاتر بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ کسی کے خلاف غلط زبان استعمال نہ کروں، سب کے لیے صرف دعا گو ہوں کہ اللہ ان کی آنکھوں اور ضمیر سے پردہ اٹھائے سابق سٹی ناظم نے اعلان کیا کہ پہلا جلسہ مزار قائد کے جناح گراؤنڈ میں کیا جائے گا جس کی تاریخ کا اعلان بھی جلد کردیا جائے گا۔
مصطفیٰ کمال ایم کیو ایم سے ناراض کیوں ہیں؟