اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب کے سابق گورنر سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کی بازیابی کے بعد یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ انہیں اغواء کرنے والے نوجوان لاہور کی ایک یونیورسٹی کے طالب علم تھے۔ یہ انکشاف ایک نجی ٹی وی چینل کے میزبا ن نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہباز تاثیر کو اغواء کرنے والے نوجوان لاہور کی ایک یونیورسٹی کے طالب علم تھے۔ لاہور کی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا ڈگری ہولڈر طالب علم عثمان بسرا اغواء کاروں کے گروپ کا سرغنہ تھا۔ شہباز تاثیر کو اغواء کے بعد لاہور کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں رکھا گیا۔ بعدازاں سکیورٹی اداروں نے اس طالب علم کو گرفتار کر لیا جس کے بعد ملزم نے انکشاف کیا کہ شہباز تاثیر کو کالعدم اسلامک موومنٹ آف ازبکستان کے حوالے کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر حملہ آوروں کا تعلق بھی اسی جماعت سے تھا۔