اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس دس مارچ کو بلائے جانے کا امکان ہے ، اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کارپوریشن بل 2016ء سمیت 7 بلوں کو منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق وزارت پارلیمانی امور نے 9 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی سمری ارسال کی ہے ۔10 مارچ کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس کا انعقاد متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پی آئی اے سی بل 2016ء، گیس چوری روک تھام بل 2014ء، سول سرونٹس ترمیمی بل 2014ء، امیگریشن بل 2014ء، غیرت کے نام پر قتل بل 2015ء، اینٹی ریپ بل 2015ء اور نجکاری بل 2015ء منظوری کے لئے پیش کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ آئین کے آرٹیکل 70 کی ذیلی شق 3 کے تحت پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں سے کسی ایک ایوان میں ایک بل منظور ہو جائے اور دوسرے ایوان میں 90 دنوں تک بل منظور نہ ہوں یا مسترد ہو جائیں تو اس صورت میں وہ بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا تاہم قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے قاعدہ 154(7) کے تحت ایسے بل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کرنے سے پہلے اسپیکر قومی اسمبلی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کو باقاعدہ ریفر کرتے ہیں یا قومی اسمبلی میں بل کو مشترکہ اجلاس کو بھجوانے کی تحریک منظور کی جاتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کارپوریشن ترمیمی بل 2016ء قومی اسمبلی سے منظور ہو چکا ہے اور ایوان بالا نے اس بل کو مسترد کیا ہے۔ اس طرح اس بل کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس کو بھجوانے کی تحریک کی منظوری کے لئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے پہلے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔