لاہور(نیوز ڈیسک)سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے مغو ی صاحبزادے شہباز تاثیر کی تقریباًپانچ سال بعد بحفاظت بازیابی کے بعد سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خاندان میں بھی حیدر گیلانی کی بازیابی کےلئے امید کی کرن روشن ہو گئی ۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے حیدر گیلانی کو 9مئی 2013ءکو ملتان میں انتخابی جلسے سے اغواءکیا گیا تھا جبکہ ان کا سیکرٹری اور محافظ فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے۔ذرائع کے مطابق شہباز تاثیر کی بازیابی کی خبر کے بعد سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور انکے صاحبزادے موسیٰ گیلانی نے شہباز تاثیر کے اہل خانہ کو ٹیلیفون کر کے مبارکباد دی ۔ تاثیر خاندان کے افراد نے گیلانی خاندان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انکے مغوی بیٹے حیدر گیلانی کی جلد بحفاظت بازیابی کےلئے بھی دعا کی ۔ ذرائع کے مطابق شہباز تاثیر کی بازیابی کے بعد گیلانی خاندان میں بھی حیدر گیلانی کی بازیابی کےلئے امید کی کرن پیدا ہو گئی ہے ۔