اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ارکان غلط دستاویزات دینے پر سیکرٹری مواصلات پر برس پڑ ے ، این ایچ اے حکام کی جانب سے تیاری نہ ہونے کی بناء پر این ایچ اے کے اکثر آڈٹ اعتراضات ملتوی کر دئیے گئے ۔ اجلاس میں شیخ رشید اور رانا افضال کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔ منگل کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس سید خورشید شاہ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں شیخ رشید اور حکومتی رکن رانا افضال میں جھڑپ ہو گئی۔ شیخ رشید نے کہا کہ این ایچ اے میں اربوں روپے کے گھپلوں کا معاملہ نیب کو بھجوایا جائے ، رانا افضال نے کہا کہ شیخ رشید ہر معاملے کو سیاسی رنگ دیتے ہیں اور این ایچ اے کا معاملہ نیب کو بھجوانے کی ضرورت نہیں جس پر چیئرمین کمیٹی نے معاملہ رفع دفع کرا دیا۔اجلاس میں این ایچ اے کی جانب سے غلط اعداد و شمار پیش کئے گئے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اتنے بڑے فورم پر غلط معلومات دی جا رہی ہیں یہ قبول نہیں ،ہماری آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے، بغیردستخط کے ریکارڈ کیوں فراہم کیا گیا ہے، جس پر سیکرٹری مواصلات خالد مسعود نے غیر مشروط معافی مانگ لی اور کہا کہ وہ نئے آئے ہیں اب کوشش کریں گے کہ تمام ریکارڈ خود دیکھ سکیں۔