کراچی (نیوزڈیسک ) عمران فاروق قتل کیس کے سلسلے میں برطانوی حکام نے پاکستان میں گرفتار تین گواہوں کو سیکورٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی ایجنسی کے اہلکار اسلام آباد میں موجود ہیں۔ ان اہلکاروں نے برطانیہ اور پاکستان کی حکومت کو اپنے خدشات سے آگاہ کر دیا ہے۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ قتل کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے گواہان کی سیکورٹی بہت اہم ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان گوا ہو ں کو جیل میں یا عدالت لیجانے یا عدالت سے واپسی کے موقع پر قتل کیا جا سکتا ہے۔ برطانوی حکام نے پاکستانی حکام سے بھی کہا ہے کہ ان گواہوں کی سیکورٹی میں اضافہ کیا جائے۔