اسلام آباد(نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں قیادت کا فقدان ہے، خود غرض، بزدل اور تقسیم کرنے والا انسان قائد نہیں بن سکتا۔ بنی گالہ کی رہائشگاہ پر پارٹی کے نوجوان قائدین سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ قیادت استحقاق نہیں ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے،پاکستان ناکام نہیں نامناسب انداز میں چلائی جانے والی ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ60 فیصد نوجوان طبقہ ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے،عوام کو مجموعی طور پر زیادہ عرصے کے لیے بیوقوف بنانا ممکن نہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ارسطو کے مطابق محض خود غرض اور بزدل لوگ سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف میں سیاسی کیرئیر بنانے کے لیے آنے والوں کےلئے کوئی جگہ نہیں۔