لاہور(نیوزڈیسک) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے اپنے منصب پر رہتے ہوئے اچھا کام کیا ہے ،آرمی چیف کی مدت ملازمت کو زیر بحث لانا انتہائی نا مناسب ہے اور اس بحث کو ختم ہونا چاہیے ،خواتین کے حقوق سے متعلق منظور کئے گئے بل کا ہر صورت نفاذ یقینی بنایا جائے گا ۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ خواتین پر تشدد نا قابل برداشت عمل ہے، ہمارا معاشرہ اور اسلامی روایات بھی عورت کو عزت و تکریم دیتے ہیں۔ ایوان سے جو بل منظور ہوا ہے اس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی کمٹمنٹ نظر آتی ہے اور یہ بل معاشرتی خرابیوں کے خاتمے کی طرف قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کی منظوری سے قبل خواتین کو تشدد اوربے گھر کر دیا جاتا تھا لیکن اس بل کی کی منظوری کے بعد خواتین کو تحفظ فراہم ہوگا ۔ اس بل کی منطوری کے بعد حکومت اپنی کوشش کرے گی اور عدالت اپنا کردار ادا کرے گی ۔ یہ بل 8مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے تحفہ ہے۔ رانا ثنا اللہ خان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ جنرل راحیل شریف نے اپنے منصب پر رہتے ہوئے اچھا کام کیا ہے ۔ مدت ملازمت میں توسیع کو زیر بحث نہیں لاناا نتہائی نا مناسب بات ہے ۔ آرمی کا ادارہ انتہائی با عزت ہے اور ضرب عضب کے بعد ا سکی تکریم میںمزید اضافہ ہوا ہے ۔ مدت ملازمت میں توسیع کی بحث غیر آئینی ہے اور اس بحث کو ختم ہونا چاہیے ۔