لاہور ( نیوز ڈیسک) اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کاوشوں کے نتیجے میں ہاؤسنگ سکیم ’’ایڈن آباد ‘‘لاہور میں30 گھروں کا قبضہ ان کے مالک تارکین وطن کے حوالے کردیا گیا ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے 8 سے 10 سال قبل اس سکیم میں گھر بک کروائے تھے لیکن مختلف وجوہ کی بنا پر انہیں گھروں کا قبضہ نہیں مل سکا تھا۔ کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی اور وائس چیئر پرسن کیپٹن (ر) خالد شاہین بٹ نے ایڈن ہاوسنگ سکیم میں منعقدہ ایک تقریب میں ان گھروں کے کاغذات اور چابیاں تارکین وطن کے حوالے کیں۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کو شکایات بھجوائی تھیں کہ پیسے ادا کرنے کے باوجود انہیں گھروں کا قبضہ نہیں دیا جارہا جس پر کمیشن نے کارروائی کرتے ہوئے تارکین وطن کو گھروں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔ افضال بھٹی اور خالد شاہین بٹ نے بتایا کہ ہا ؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ سے مذاکرات کے نتیجے میں تارکین وطن کو ان گھروں کا قبضہ لینے کے لئے کوئی اضافی چارجز ادا نہیں کرنا پڑیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب ہاوسنگ سوسائٹیوں کے متعلق تارکین وطن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہا ہے اور اس سکیم کے دیگر متاثرہ تارکین وطن کی شکایات کا بھی جلد از جلد ازالہ کیا جائے گا۔ افضال بھٹی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب تارکین وطن کی شکایات کے جلد از جلد حل کے لئے اپنا بھرپور اور موثر کردار ادا کررہا ہے ۔تارکین وطن کو گھروں کا قبضہ دینے کے حوالے سے منعقدہ اس تقریب میں ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی ننکانہ اور وہاڑی کے چیئرمینوں چوہدری شفیع،شہزاد ڈوگر، اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد اور کمیشن کے حکام نے بھی شرکت کی ۔بعد ازاں کمشنر اور وائس چیئر پرسن نے تارکین وطن کے حوالے کئے گئے گھروں کا دورہ کیا اور مالکان کو گھروں کی چابیاں پیش کیں۔