اہور (نیوزڈیسک) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے قصور ویڈیو سکینڈل میں مقدمے کے تفتیشی آفیسر کا بیان قلمبند کرتے ہوئے مزید سماعت 3مارچ تک ملتوی کر دی۔ لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج چوہدری الیاس نے مقدمے کی سماعت کی ۔ جیل حکام نے حسیم عامر اور فیضان مجید سمیت دیگر ملزمان کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔ مقدمے کے پہلے تفتیشی آفیسر تھانہ گنڈا سنگھ کے سب انسپکٹر شاہ ولی اللہ نے اپنا بیان قلمبند کرواتے ہوئے بتایا کہ اس نے دوران تفتیش ملزمان سے میموری کارڈ ، موبائیل فونز ، سی ڈیز اور بھتے کی رقم برآمد کی ۔ ملزمان کئی سال سے جنسی بدفعلی میں ملوث تھے ۔ عدالت نے مزید سماعت ۳مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے مزید گواہان کو طلب کر لیا۔