لاہور(نیوز ڈیسک)پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ امریکی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن پاکستان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کا جیتنا ملکی مفاد میں بہتر ہو گا، پاکستان میں امریکی امور پر پارلیمنٹ سمیت جی ایچ کیو کو بھی اعتماد میں لیا جاتا ہے۔ایک تقریب میں پاک امریکہ تعلقات پر منعقدہ خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان امریکہ سے تعلقات کو ماضی کی بنیاد پر پرکھتا ہے،پاکستان کو دیکھنا ہوگا کہ نیٹو کے افغانستان سے انخلا ءکے بعد ملک پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ معاملات کی نوعیت کے مطابق پاک امریکہ تعلقات پر پارلیمنٹ ہی نہیں بلکہ جی ایچ کیو کو بھی مکمل اعتماد میں لیا جاتا ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ ڈیموکریٹ امیدوار ہیلری کلنٹن پاکستان کے حوالے سے مسائل کو دوسرے امیدوار کے مقابلے میں زیادہ بہتر طور پر سمجھتی ہیں ان کا جیتنا ملکی مفاد میں بہتر ہوگا۔